Hazrat Ali Ki Wiladat
سلام بر شہِ ولایت
image Credit Goes To Respected Owner
بارگاہِ مولائے کائنات ، حیدر کرار ، حضرت سیدنا علی مرتضٰی ، شیر خدا کرم اللہ وجہ الکریم میں نذرانہ
یا علی شیر خدا تیری امامت کو سلام
زورِ بازوئے نبی ! تیری شجاعت کو سلام
تیرا گھر ہے جنتی اَفراد کی آماج گاہ
حیدرِکرار ! تیری اٰل و عترت کو سلام
بن گئ فانوسِ قندیلِ حرم تیری حیات
شیرِ یزداں، تیری ہمت، تیری جُرأت کو سلام
مصطفٰی کی پیاری شہزادی ترے گھر کی بَہار
والدِ حسنین تیری شان و شوکت کو سلام
تھے شبِ ہجرت 'نبی کے بسترِ اطہر پہ آپ
پُرخَطَر ماحول میں سونے کی ہمت کو سلام
کر دیا قرباں ، محبت پر نمازِ عصر کو
اُس اداے عشق ، تقدیمِ محبت کو سلام
تیرے جلوؤں سے منور ہیں چراغِ اولیا
فاتحِ خیبر ، تری بزمِ طریقت کو سلام
آپ ہیں دروازۂ شہرِ علومِ مصطفٰی
آپ کے ادراک و فہم و علم و حکمت کو سلام
پھول ہیں تیرے نسب میں گلشنِ سرکار کے
تا قیامت ہو تری شانِ قرابت کو سلام
"میں علی سے ہوں، علی مجھ سے ہیں" آقا نے کہا
مَظہر ذات نبی ، تیری فضیلت کو سلام
ہے لقب تیرا امامِ مَشرِقَین و مغربین
اے امیرالمؤمنیں تیری خلافت کو سلام
یاعلی ، تیری رضامیں راضی اللہ و رسول
تیری خوشیوں پر فدا، تیری مسرت کو سلام
تجھ میں ہے"مَن كُنتُ مولٰى" کا نشان امتیاز
اے مرے مولٰی علی ، تیری ولایت کو سلام
تجھ کو حاصل ہے شہنشاہی دیارِ جُود کی
حشر تک تیری عطا ، تیری سخاوت کو سلام
کون سا غَزوہ ہے جس میں تیری جاں بازی نہیں
دینِ حق کے واسطے ، تیری حمایت کو سلام
تیری بیباکی پہ حیراں ہیں زمانے کے دلیر
کفر کے نرغے میں تیری استقامت کو سلام
ایک شعلہ ہے دفاع شانِ پیغمبر میں تو
مصطفٰی کے عشق میں تیری جلالت کو سلام
ڈال دیجے ، وقت کے خیبر پہ اک ضربِ نگاہ
شاہِ مرداں، تیری طاقت ، تیری قوت کو سلام
ذُوالفقارِ حیدری برسے ، پھر اہل کفر پر
تیرے صدقے ہم کریں پھر اپنی نصرت کو سلام
تیری گردِ پا ، ہے سرمہ چشمِ عالَم کے لئے
نائبِ خیرالبشر تیری قیادت کو سلام
تیرا خامہ بے بدل ، تیری خطابت لاجواب
شاہ اقلیم سخن ، تیری فصاحت کو سلام
لائقِ صد رشک ہے تیرا ہر اک رنگِ حیات
تیری صورت پر نچھاور تیری سیرت کو سلام
آیتِ تطہیر کا صدقہ فریدی کو ملے
اے حبیب مصطفٰی، تیری طہارت کو سلام
از فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی ،مسقط عمان
Comments